ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نائیجریا میں پر تشدد واقعات میں اضافہ پر عالمی برادری کا اظہار تشویش

نائیجریا میں پر تشدد واقعات میں اضافہ پر عالمی برادری کا اظہار تشویش

Thu, 10 May 2018 12:01:27    S.O. News Service

ابوجا ،09؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ریاست بورنو کے فوجی ترجمان بریگیڈیئیر جنرل ٹکساس چکوو نے بتایا کہ 4 گاؤں سے بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ان میں کچھ مرد بھی شامل ہیں جن پر بوکو حرام کا حصہ بننے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ نائجیریا کی فوج نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ آپریشن انجام دیا تاہم انہوں نے آپریشن کی مدت یا یرغمالیوں کو کہاں سے بازیاب کرایا گیا، اس حوالے سے کوئی بھی بات بتانے سے انکار کردیا۔نائجیریا میں فوج نے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کر کے ایک ہزار سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے جبکہ شدت پسند ڈاکوؤں اور ملیشیا کے درمیان جھڑپ میں ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرقی افریقہ کی سب سے بڑی معیشت نائجیریا میں آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا چلا جا رہا ہے جس پر عالمی برداری نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ہفتے کو ریاست کنڈنا کے گاؤں گواسکا کی حفاظت کرنے والی ملیشیا پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد سے دونوں میں شدید لڑائی جاری ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 71 ہو چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹریس نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے ذمہ دار افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب نائجیریا کی فوج نے کارروائی کر کے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے قبضہ سے ایک ہزار سے زائد یرغمالیوں کو چھڑا لیا ہے۔افریقہ کی سب سے بڑی تنظیم بوکو حرام گزشتہ 9سال سے خطے میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ہزاروں لڑکیوں کو اغوا بھی کیا جا چکا ہے۔فوج اس سے قبل بھی لڑکیوں اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کو بازیاب کراچکی ہے لیکن ابھی تک 2014 میں چبوک کے اسکول سے اغوا کی گئی لڑکیوں کو بازیاب نہیں کرا سکی۔


Share: